ڈی آئی جی ہزارہ کا پولیس، میڈیاو ٹریڈرز کے تعاون سے قائم متاثرین سیلاب کے امدادی کیمپ کا دورہ
ہمارا یہ مشن تب تک ادھورا ہے جب تک ہم اس امدادی رقم کو مستحقین تک پہنچا نہ دیں، میرویس نیاز
میڈیانمائندگان، امن کمیٹی، ٹریڈ یونین کا مشکور ہوں جو ہر پلیٹ فارم پر پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں، ڈی آئی جی ہزارہ ریجن
ہماری یہ کوشش ہوگی کہ ہم اس کیمپ کے زریعے ایک کروڑ سے زائد کی رقم جمع کرکے متاثرین میں تقسیم کریں، میڈیا نمائندگان و تاجر رہنما
ایبٹ آباد (پریس ریلیز) ملک میں سیلابی صورتحال میں سیلاب زدگان کیساتھ مالی تعاون کیلئے ایبٹ آباد پولیس، تاجر برادری، میڈیا نمائندگان اور دیگر کی جانب سے لگائے گئے امدادی کیمپ میں ڈی آئی جی ہزارہ ریجن میرویس نیاز نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد پولیس کی جانب سے صدر بازار ایبٹ آباد میں سیلاب زدگان اور ملکی صورتحال کے پیش نظر متاثرین سیلاب کیلئے امداری کیمپ لگایا گیا جس میں عام عوام، سرکاری ملازمین، میڈیا نمائندگان، تاجر برادری، سیاست دانوں اور دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں نے بھرپور مالی تعاون کیا جو کہ سیلاب متاثرین تک پہنچایا جائے گا۔ڈی آئی جی ہزارہ ریجن میرویس نیاز اور ڈی پی او ایبٹ آباد سجاد خان نے اس امداری کیمپ کا دورہ کیا وہاں پر آئے ہوئے عام عوام، پولیس جوانوں، تاجروں، میڈیا نمائندگان سے ملاقات کی اور ان کے اس کار خیر میں محنت کو سراہا۔ڈی آئی جی ہزارہ نے اس موقع پر تمام شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیانمائندگان، امن کمیٹی، ٹریڈ یونین اور دیگر اشخاص جو کہ ہر موقع پر پولیس کی معاونت میں لگے رہتے ہیں ان کے انتہائی مشکور ہیں۔ مجھے نظر آ رہا ہے کہ اس صدر بازار سے گزرنے والی عام عوام اور خاص کر کے خواتین بھی اس امدادی کیمپ میں امداد دے رہے ہیں۔ تمام لوگ اپنی استطاعت کے مطابق اس امداد میں حصہ لیں انہوں نے مزید کہا کہ امداد اکٹھی کرنا شاہد اتنا مشکل کام یا بڑی بات نہیں ہے اس امداد کو مستحق لوگوں تک پہنچانا ایک مشکل کام ہے لیکن ہمارا مشن تب تک ادھورا ہے جب تک ہم اس امدادی رقم کو مستحقین تک پہنچا نہ دیں کیونکہ ہمارے اپنے علاقے اپر کوہستان، لوہر کوہستان، ماہنور ویلی دیگر کئی ایسے علاقے ہیں جہاں پر لوگ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے متاثر ہوئے ہیں ان تک اس امداد کو پہنچائیں گے اور میری کوشش یہ بھی ہے ہمارے دوست احباب دیگر اضلاع اور دیگر صوبوں سے بھی اس امدادی کیمپ میں امدادی اشیاء دیں اور ہم اس امداد کو اسی کیمپ میں لے کر آئیں گے اور متاثرین تک پہنچائیں گے۔ڈی آئی جی ہزارہ نے خود بھی25ہزار روپے کی نقد رقم امدادی کیمپ میں جمع کروائی۔اس موقع پر تاجر رہنما نعیم اعوان نے اپنی ٹیم کی جانب سے ساڑھے تین لاکھ کی رقم امدادی کیمپ میں جمع کرنے کیلئے ڈی آئی جی ہزارہ کے سپرد کی، صدر پریس کلب سردار نوید عالم نے بھی پریس کلب ایبٹ آباد کی جانب سے خطیر رقم امدادی کیمپ میں دینے کا اعلان کیا۔اسکے علاوہ صدر پریس کلب سردار نوید عالم، صدر AUJ راجہ ہارون، جنرل سیکرٹری پریس کلب سردار شفیق، صدر آل ٹریڈرز ثاقب خان جدون،تاجر رہنما نعیم اعوان، سردار شاہنواز نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان ہمارے بھائی ہے متاثرین کے تعاون کیلئے ہم ہر ممکنہ کوشش کریں گے اور ہماری یہ کوشش ہوگی کہ ہم اس کیمپ کے زریعے ایک کروڑ سے زائد کی رقم جمع کرکے متاثرین میں تقسیم کریں۔ ہم اس کیمپ کی توسط سے ضلع ایبٹ آبا د کے تمام مخیر حضرات سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ متاثرین سیلاب کی مدد کرنے میں اس کیمپ میں مالی تعاون اور اشیاء ضروریہ جمع کروانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
No comments:
Post a Comment