چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن میں زخمی ہونے والے ایس ایچ او کینٹ دمساز خان کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ پشاور گئے،
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ اور آئی جی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے آج بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن میں زخمی ہونے والے بنوں کینٹ تھانے کے ایس ایچ او دمساز خان کی کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پشاور میں عیادت کی۔ انہوں نے ایس ایچ او دمساز خان کا حوصلہ بڑھایا اور انکی دلیری اور بروقت رسپانس کی تعریف بھی کی۔ اس موقع پر دونوں اعلی افسران نے زخمی ہونے والے ایس ایچ او کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور انکی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔انہوں نے موقع پر ڈاکٹرز سے زخمی ہونے والے ایس ایچ او دمساز خان کی صحت کے بارے دریافت کیا اور انکو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فرض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہونے والے ایس ایچ او دمساز خان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں نے فتنہ الخوارج کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملانے کیلئے ہمیشہ قربانی دی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے غازیوں نے جرات و بہادری کی انگنت داستانیں رقم کیں ہیں۔
واضح رہے کہ آج صبح فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے ایف سی لائینز بنوں پر حملہ کیا تھا جس پر پولیس کے ٹیموں اور سی ٹی ڈی نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر تمام 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر کے لائینز کی عمارات کو کلئیر کروالیا۔
No comments:
Post a Comment